تہران ،ایران میں ہونے والے صدارتی انتخابات سے چند گھنٹوں قبل تین امیدواروں نے انتخابی دوڑ سے دستبرداری کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں تیرہویں صدر کے انتخاب کے لیے کل عوام اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔انتخاب سے چند گھنٹے قبل آج تین امیدوار وں نے الیکشن سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق ابراہیم رئیسی اور عبدالناصر ہمتی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے، جبکہ دوڑ میں شامل ہونے والے تین قدامت پسند امیدوار بھی نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت ﷲ خامنہ ای نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اور ملک کے بہتر مستقبل کے لیے ہر صورت ووٹ کا حق استعمال کریں۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد پانچ کروڑ 90 لاکھ ہے، ووٹنگ کے لیے ملک بھر میں 72 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے جائیں گے۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابراہیم رئیسی ایران کے موجودہ چیف جسٹس ہیں، جبکہ وہ مختلف اہم عہدوں پر ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے ہیں۔ آزاد زرائع کی جانب سے کیے جانے والے عوامی سروے میں ابراہیم رئیسی سرفہرست رہے۔