لاہور: بیرون ملک سفر کے خواہشمند پاکستانیوں کی مشکل آسان کردی گئی ہے اور اب انہیں ’ایسٹرازینکا‘ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے پر بھی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کر دیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سفر کے خواہشمند اکثر پاکستانی شہری ویکسین کی پہلی خوراک لگوا چکے ہیں مگر بیرون سفر کیلئے ’ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ‘ کی شرط کے باعث سفر نہیں کرسکتے کیونکہ ویکسین کی دوسری ڈوز کے بعد ہی سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوتا ہے لیکن اب ویکسین کی پہلی خوراک لگوانے کیساتھ ہی سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت سجاد شاہ کا کہنا ہے کہ مسافروں کے بیرون سفر میں پریشانیاں پیش نہ آئیں اس لئے کورونا ویکسین کا جزوی سرٹیفکیٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس طرح مسافروں کو دوسری ڈوز لگوانے کیلئے انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر زعیم ضیاءنے بھی پہلی خوراک پر ہی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سفر کے خواہشمند مسافروں کو اب دوسری ڈوز اور سرٹیفکیٹ کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا، سفری دستاویزات مکمل ہونے پر جزوی سرٹیفکیٹ دیدیا جائے گا۔
وزارت صحت کے ترجمان کے مطابق پہلی ڈوز لینے پر انہیں ایسٹرازینکا ویکسی نیشن سینٹر سے ہی جزوی سرٹیفکیٹ ملے گا اور اس حوالے سے نادرا پر اندراج کرانے یا دیگر مراکز پر جانے کی ضرورت نہیں ہے، بیرون ملک جانے کے بعد سرٹیفکیٹ دکھا کر کہیں سے بھی ویکسین کی دوسری خوراک لی جاسکتی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے بیرون ملک پاکستانیوں کے سفری مسائل حل کرنے کیلئے ایسٹرازینکا ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے مردوں کو لگانے کی اجازت دی ہے کیونکہ سعودی عرب اور کئی یورپی ممالک نے ایسٹرازینکا ویکسین کو لسٹ میں شامل کر رکھا ہے اور وہی افراد ان ممالک کا سفر کر سکتے ہیں جنہوں نے لسٹ میں شامل ویکسینز میں سے کوئی ایک ویکسین لگوائی ہو۔
ایسٹرازینکا ویکسین لگوانے والوں کو سرٹیفکیٹ کیسے ملے گا؟بیرون ملک سفر کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشخبری
07:07 PM, 17 Jun, 2021