پاکستان کی تیار کردہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ کے استعمال کیلئے گائیڈ لائنز جاری

پاکستان کی تیار کردہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ کے استعمال کیلئے گائیڈ لائنز جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان میں تیار کردہ کورونا ویکسین ’پاک ویک‘ کے استعمال کیلئے گائیڈ لائنز جاری کردی گئی ہیں جن کے مطابق پاک ویک ویکسین کو 2 تا 8 سینٹی گریڈ پر ذخیرہ کیا جائے گا اور اس کی ایک ہی خوراک لگائی جائے گی۔ 
گائیڈ لائنز کے مطابق پاک ویک ویکسین کو فریز نہیں کیا جائے گا اور اسے سورج کی روشنی سے بھی محفوظ رکھنا ہو گا جبکہ یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو لگانے کیساتھ ساتھ امراض قلب، تنفس، شوگر، موٹاپے کا شکار افراد کو بھی لگائی جا سکتی ہے۔ 
گائیڈ لائنز کے مطابق حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی ماؤں  کو پاک ویک نہیں لگائی جاسکتی جبکہ بخار میں مبتلا افراد کو بھی پاک ویک ویکسین نہیں لگائی جاسکتی، کورونا وائرس کے مریض پاک ویک ویکسین نہیں لگوا سکتے البتہ کورونا سے صحت یاب افراد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق ٹرانسپلانٹ کروانے والے افراد 3 ماہ بعد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں جبکہ کیمو تھراپی والے مریض 28 دن بعد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ دمہ، مرگی، دماغی امراض کا شکار افراد پاک ویک ویکسین لگوا سکتے ہیں۔