لاہور،گوجرانوالہ پولیس نےبغیراجازت عوامی مقامات پر ویڈیوز بناکر خواتین کرہراساں کرنے کے الزام میں ایک یوٹیوبر کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ پولیس نے لاہور میں گکھڑمنڈی کے رہائشی محمدعلی کو خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ۔
ملزم پر الزام ہے کہ وہ اپنے یوٹیوب چینل پر مختلف موضوعات پر ویڈیو بناکر اپ لوڈ کرتاتھا ۔ اس کے موضوعات خواتین سے متعلق ہوتے تھے اور وہ مختلف پارکس میں جاکر خواتین کی ویڈیو ز بناتا تھا ۔
مذاق کے نام پر ملزم خواتین کو مختلف باتوں پر ہراساں کرتا تھا اور گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر اس پر خوب تنقید بھی کی جارہی تھی اور پولیس سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔
ملزم پر خواتین سے غیراخلاقی حرکات ، اسلحہ کے زورپرگالم گلوچ کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔
ایس پی صدر عبدالوہاب کےمطابق ملزم مزاحیہ ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے کے لیے مختلف عوامی مقامات اور پارکس میں بیٹھی خواتین کو ہراساں کرکے ان کی تذلیل کرتا اور ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیتا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔