کراچی,صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے رواں مالی سال موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 7570 ملین روپے سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا، جبکہ جائیداد ٹیکس کی مد میں 1477 ملین سے زائد ٹیکس وصول کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے موٹر وہیکل ٹیکس اور جائیداد ٹیکس وصولی کی تفصیلات جاری کردیں۔
صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے موٹر وہیکل ٹیکس اور جائیداد ٹیکس کی وصولی کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رواں مالی سال میں جولائی 2020 سے مئی 2021 تک کراچی سے موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 7570.429 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اسی مد میں حیدر آباد سے 461.486 ملین روپے، سکھر سے 216.018 ملین روپے اور شہید بےنظیر آباد سے 86.333 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
مکیش کمار چاولہ کا کہنا تھا کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں لاڑکانہ سے 107.402 ملین روپے اور میرپور خاص سے 55.261 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
صوبائی وزیر کے مطابق جائیداد ٹیکس کی مد میں کراچی سے 1477.755 اور حیدر آباد سے 71.440 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ اسی مد میں سکھر سے 33.183 ملین روپے، شہید بے نظیر آباد سے 9.165 ملین روپے اور لاڑکانہ سے 21.067 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جائیداد ٹیکس کی مد میں میرپور خاص سے 10.198 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
مکیش کمار چاولہ کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے دوران اب تک ٹیکسز کی وصولی کی مجموعی صورتحال اطمینان بخش ہے اور ٹیکسز کی وصولی کے لیے بہترین کارکردگی کے لیے محکمے کے افسران اور عملہ قابل ستائش ہے۔