طلبا کو مشروط طور پر یونیورسٹیز میں داخلے کی اجازت دیدی گئی

04:08 PM, 17 Jun, 2021

لاہور: طلبا کو مشروط طور پر یونیورسٹیز میں داخلے کی اجازت دے دی گئی ہیں جو امتحان کے نتائج سے مشروط ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق کیمبرج اے ٹو کے طلبا کو میڈیکل اور انجیئنرنگ کا انٹری ٹیسٹ دینے کی اجازت دے دی گئی جبکہ وفاقی حکومت کی اجازت کے بعد اب یونیورسٹیز طلبا کو مشروط طور پر داخلہ دیں گی جو امتحان کے نتائج سے مشروط ہو گا۔

پاکستان انجینئرنگ کونسل اور ہائر ایجوکیشن کمیشن نے عارضی داخلوں کی پالیسی پر اتفاق کیا ہے، انٹرمیڈیٹ اور اے لیول کے طلبا کے داخلوں کی کنفرمیشن حتمی نتائج کے اعلان پر ہو گی۔ لاہور سمیت ملک بھر کی انجینئرنگ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو داخلہ پالیسی سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔

ادھر گزشتہ روز وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں نہم اور گیارہویں جماعت کے امتحانات کی تاریخ پر بحث ہوئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جولائی میں دسویں کلاس کے امتحانات کے بعد نویں جماعت کے امتحانات لیے جائیں گے اور کلاس گیارہویں کے امتحانات بارہویں جماعت کے فوری بعد اگست میں لیے جائیں گے۔

اسٹیئرنگ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ صرف اختیاری مضامین کے امتحانات ہوں گے اور امتحانات کے 45 روز بعد پہلے مرحلے میں دسویں اور بارہویں کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

نویں اور گیارہویں کے نتائج کا اعلان دسویں اور بارہویں جماعت کے نتائج کے بعد کیا جائے گا جبکہ رواں سال میٹرک اور انٹر میں پریکٹیکل امتحان تھیوری امتحانات کے بعد لیے جائیں گے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پریکٹیکل امتحانات اپنے اپنے اسکولز اور کالجز میں ہی ہوں گے جبکہ میٹرک اور انٹر میں اختیاری مضامین میں فیل ہونے والے طلبا کو پاسنگ مارکس دیے جائیں گے اور لازمی مضامین کے مارکس اختیاری مضامین کی بنیاد پر دیے جائیں گے۔

مزیدخبریں