اسلام آباد: (نیو نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی معیشت کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں ، مصنوعی ذہانت اور بلاک چین جیسی ٹیکنالوجیز کی بدولت پاکستان اپنی آئی ٹی برآمدات کو 2023 ء تک 5 ارب ڈالر سے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں جیو سٹریٹیجک سے جیو اکنامک مرکز بننے کی طرف گامزن ہے، ملک کے نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیم وتربیت کے ذریعے ہنرمند بنانے کی ضرورت ہے۔
وہ بدھ کو یہاں ایوانِ صدر میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پہلے آئی ٹی ایوارڈز کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
صدر مملکت نے تقریب کے شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی ایوارڈز کے اہتمام سے جہاں اس شعبے میں نمایاں کارکردگی کا اعتراف کیا گیا ہے وہیں دیگر برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ذہانت کی بنیاد پر آگے بڑھنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، اس حوالے سےہم نے کورونا وبا کے دوران ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلوں ، انسانیت کے احساس پر مبنی منصوبہ بندی اور اللہ سے تعلق کی بنیاد پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کے تحت کامیابی حاصل کی، جس کا دنیا میں اعتراف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج آئی ٹی جس رفتار سے ترقی کر رہی ہے اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ پاکستان کو اس ترقی کے عمل کا حصہ بن کر بے پناہ امکانات سے استفادہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ اس وقت دنیا میں بڑے سرمایے کی حامل کمپنیوں میں سب سے آگے آئی ٹی کمپنیاں ہیں ۔صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن اور ذمہ دار ملک ہے، کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے، اس مقصد کیلئے اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے بھی رجوع کیا گیا لیکن دنیا اس وقت عالمی امور پر اخلاقیات کی بجائے مفادات کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہے، دنیا کو اخلاقیات اور اصولوں پر مبنی قیادت کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان آج درست سمت میں گامزن ہے اور تمام اشاریے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہماری قوم کی تقدیر جلد بدلنے والی ہے ۔ میں پاکستان کیلئے بہت پرامید ہوں جلد وہ وقت آئے گا جب ہم ایک مضبوط قوم بن کر ابھریں گے۔ صدر مملکت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اپنی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 2011ء میں پاکستان تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن میں ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا اور 35 لاکھ ممبرز کو الیکٹرانک ووٹنگ میں شامل کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک کامیاب تجربہ تھا۔ بحیثیت صدر مملکت میں نے اپنا پہلا آرٹیکل بھی مصنوعی ذہانت کے موضوع پر لکھا تھا۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیر برائے آئی ٹی یاسر ہمایوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی ٹی ایوارڈز کے اجرا کو انڈسٹری کیلئے حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نےکہا کہ اس انڈسٹری کیلئے ہنرمند افرادی قوت کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی زون کے قیام کے ذریعے مراعا ت و سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے بھی کام کیا جا رہا ہے۔