علاقائی خودمختاری کے عزم کو بھارت ہلکا نہ لے، چینی وزیر خارجہ

علاقائی خودمختاری کے عزم کو بھارت ہلکا نہ لے، چینی وزیر خارجہ
کیپشن: دونوں ممالک نے سرحدی علاقوں میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

بیجنگ: ایک روز قبل بھارتی فوجیوں کو مارنے کے بعد چینی وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب کو ٹیلیفون کیا ہے اور کہا ہے کہ بھارت چین کے علاقائی خودمختاری کے عزم کو ہلکا نہ لے اور موجودہ صورتحال کو غلط رخ نہ دے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ ای اور بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیئم جے شنکر میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران چینی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت گلوان واقعات کی مکمل تحقیقات کرائے اور واقعات کے ذمہ داروں کو سخت سزا دے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت سرحدی خلاف ورزیاں بند کرے اور دوبارہ ایسا کوئی واقعہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔

چینی وزارت خارجہ کے مطابق بھارتی وزیرخارجہ نے سرحدی تنازعات پر بات چیت اور پُرامن حل کا کہا ہے ۔ دونوں ممالک نے سرحدی علاقوں میں کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

واضح رہے کہ چینی اور بھارتی فوج کے درمیان لداخ میں کشیدگی برقرار ہے اور مسلسل جھڑپوں کے واقعات بھی ہو رہے ہیں۔

چینی اور بھارتی افواج کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 20 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تصدیق خود بھارتی اخبار نے کی۔