ایران کا جوہری تنصیبات کے معائنے سے روکنا ناقابل قبول ہے،پومپیو

ایران کا جوہری تنصیبات کے معائنے سے روکنا ناقابل قبول ہے،پومپیو


دبئی:امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران کا جوہری توانائی ایجنسی کے ماہرین اور معائنہ کاروں کو جوہری تنصیبات کی چھان بین سے روکنا ناقابل قبول اقدام ہے۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران نے اپنی دو جوہری تنصیبات تک عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے معائنہ کاروں کو رسائی سءروک دیا۔

ایران کا یہ اقدام ناقابل قبول اور باعث تشویش ہے۔قبل ازیں امریکا نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ایران کی مشکوک جوہری تنصیبات کے معائنہ کاری کے حوالے سے متفقہ موقف اختیار کرے۔

سلامتی کونسل کی طرف سے ٹویٹر پر پوسٹ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا عالمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائیل گروسی کی طرف سے ایران سے جوہری تنصیبات کی معائنہ کاری کی اجازت سے متعلق مطالبے کی حمایت کرتا ہے۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ایران کی طرف سے جوہری سرگرمیوں کو مخفی رکھنے پر عالمی برادری کو متفقہ موقف اور لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔