بھارت کیخلاف میچ سے ایک رات قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کی شیشہ کلب میں ویڈیو منظر عام پر آگئی

11:08 AM, 17 Jun, 2019

لاہور:ورلڈ کپ میں گزشتہ روز بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد پاکستانیوں کی جانب سے قومی ٹیم پر شدید تنقید کا سلسلہ جاری ہے ۔

ایسے میں گرین شرٹس کی ناکامی کی ایک بڑی وجہ سامنے آئی ہے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس ویڈیو سامنے آنے کے بعد تنقید کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارت نے اہم میچ میں گزشتہ روز پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے ذریعے 89رنز سے شکست دی ، جس پر پوری پاکستانی قوم شدید مایوسی کا شکار ہے۔

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کیساتھ وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک ، وہاب ریاض اور امام الحق شیشہ کلب میں موجود ہیں اور خوش گپیاں کرتے ہوئے نظر آئے ،چاہئے تو یہ تھا کہ وہ آرام کرتے یا پریکٹس پرتوجہ دیتے لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔

یاد رہے کہ قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی کل کے میچ میں جمائیاں لیتے ہوئے نظرآئے اور کپتان کی جمائیاں لینے کی تصویر نے پاکستانیوں کو اور بھی غصے میں مبتلا کردیا ہے کہ جب کپتان کا ہی یہ حال ہو گا تو باقی ٹیم کیا کرے گی۔

مزیدخبریں