فائنل میں پاکستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں، بھارت پر ٹائٹل دفاع کا دباؤ ہو گا اظہر محمود

08:41 PM, 17 Jun, 2017

اوول :  پاکستانی ٹیم کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے کہا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستان کے پاس کھونے کو کچھ نہیں ہو گا البتہ روایتی حریف بھارت پر ٹائٹل دفاع کا دباؤ ہو گا اسلئے ٹیم کے پاس ٹائٹل جیتنے کا سنہری موقع ہے. میرا دل کہتا ہے کہ اس بار گرین شرٹس ٹائٹل جیت کر نئی تاریخ رقم کرے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی فائنل میںکل  اتوار کو آمنے سامنے ہوں گی۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے شروع سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچے گی، مجھے اپنے کھلاڑیوں پر یقین ہے، اگر ٹیم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب ہوئی تو یہ قوم کیلئے بڑا تحفہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلوں میں ہمیشہ دونوں ٹیموں پر دباؤ رہا ہے، بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے اس کیلئے ٹائٹل کا دفاع کرنا آسان نہیں ہو گا کیونکہ گرین شرٹس ٹائٹل فیورٹس جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ بدلی جا سکتی ہے اور مجھے کھلاڑیوں پر پورا یقین ہے کہ وہ فائنل میں عمدہ پرفارم کر کے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں بھارت کے خلاف ناکامیوں کی روایت توڑ دیں گے.

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
  

مزیدخبریں