تمام کھلاڑی میچ کیلئے پرجوش اور تیار ہیں، عامر فٹ ہیں اور فائنل کھیلیں گے، مکی آرتھر

08:37 PM, 17 Jun, 2017

اوول ۔: پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ٹیم کے پاس آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف فائنل میں اٹیکنگ کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، حریف ٹیم کے ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کرنے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے، تمام کھلاڑی میچ کیلئے پرجوش اور تیار ہیں، محمد عامر فٹ ہیں اور بھارت کے خلاف فائنل کھیلیں گے۔پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں اتوار کو آمنے سامنے ہوں گی۔

 پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستانی کوچ نے کہا کہ بھارت کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی اب تک کی کارکردگی شاندار رہی ہے اسلئے پاکستان کو میچ میں کامیابی کیلئے حریف ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں، روہت شرما، شیکھر دھون اور ویرات کوہلی کو جلد آؤٹ کرنے پر فوکس رکھنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم پر پریشر بڑھانے کیلئے ہمیں اس کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو جلد آؤٹ کرنا ہو گا اور اگر گرین شرٹس پلان میں کامیاب ہوئی تو اسے ٹائٹل جیتنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ مکی آرتھر نے کہا کہ بھارت کے ہاتھوں ابتدائی میچ میں 124 رنز کی شکست کے باوجود کپتان سرفراز احمد مایوس نہیں ہوئے، انہوں نے کہا تھا کہ ہم اگلے میچز میں مثبت کرکٹ کھیلیں گے، پاکستان اچھی کرکٹ کھیل کر ہی فائنل تک پہنچا ہے، بھارت کے خلاف فائنل کیلئے تمام کھلاڑی پر جوش اور تیار ہیں، امید ہے کہ کھلاڑی فائنل میں کھیل کے تینوں شعبوں میں بہتر پرفارم کر کے ٹائٹل اپنے نام کریں گے۔

 نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مزیدخبریں