ایران کی آئی اے ای اے میں مغرب کی دوہرے معیار کی پالیسیوں پرتنقید

03:08 PM, 17 Jun, 2017

ویانا: ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی (آئی اے ای اے ) میں ایران کے مستقل نمائندے رضا نجفی نے صیہونی حکومت کے جوہری پروگرام کو کنٹرول کرنے کی ضرورت پر روزدیا ہے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کی جانب سے صیہونی حکومت کے جوہری پروگرام پر مکمل نظررکھنے اور اس فوجی پروگرام کا گہرائی سے جائزہ لئے جانے کا مطالبہ کیا۔
انھوں نے غاصب صیہونی حکومت کے فوجی جوہری پروگرام کو علاقے کی اقوام اور عالمی برادری کے لئے باعث تشویش قرار دیا۔رضا نجفی نے اس سلسلے میں مغرب کے دوہرے معیار کی پالیسیوں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے ساتھ ہر طرح کے جوہری تعاون اور اس غاصب حکومت کو جوہری مواد فراہم کئے جانے پر پابندی عائد کئے جانے کا مطالبہ کیا۔

انھوں نے صیہونی حکومت کے جوہری پروگرام سے علاقے کی سلامتی کو لاحق خطرات اور این پی ٹی معاہدے کا اعتبار ختم ہونے کی بابت خبردار بھی کیا۔آئی اے ای اے میں ایران کے نمائندے نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ صیہونی حکومت نے گذشتہ برسوں کے دوران این پی ٹی معاہدے میں شامل ہونے سے متعلق عالمی برادری کے برحق مطالبے کو نظرانداز کیا اور وہ بین الاقوامی قوانین کی دھجّیاں اڑاتے ہوئے اپنے فوجی ایٹمی پروگرام کو مسلسل آگے بڑھاتی رہی ہے۔واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کا پانچ روزہ جون اجلاس، گذشتہ ہفتے پیر کو شروع ہوا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں