اسلام آباد: وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ردعمل کا اظہار ٹوئٹر پر کیا۔ اپنی ٹویٹ میں کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے لیے تالیاں بجانے کی بجائے شرم کا مقام ہونا چاہیے۔
وزیراعظم ، وزیرا علیٰ اور انکے بچوں کو سنگین الزامات کے باعث جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونا پڑ رہا ہے۔ کرپشن، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کرنیوالے شریفوں کا حضرت عمر ؓ سے موازنہ شرمناک ہے۔
یاد رہے جے آئی ٹی کے طلب کرنے پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف پیش ہوئے اور ان سے گلف اسٹیل اور حدیبیہ پیپر مل سے متعلق بھی سوالات کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب متعلقہ دستاویزات بھی ساتھ لیکر آئے ہیں جو جے آئی ٹی کو پیش کریں گے۔
پاناما جے آئی ٹی نے وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بھی 24 جون کو طلب کر رکھا ہے۔ کیپٹن صفدر کو پیشی کے سمن موصول ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے بیٹے حسین نواز جے آئی ٹی کے سامنے پانچ مرتبہ جبکہ حسن نواز بھی دو دفعہ جوڈیشل اکیڈمی میں جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں