حضرت علی ؓ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

11:36 AM, 17 Jun, 2017

لاہور: حضرت علی ؓ کا یوم شہادت ملک بھر میں آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ شہر شہر ریلیاں اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ لاہور میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی موچی دروازہ سے برآمد ہو گیا ہے جوروایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے بعد کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ سی سی ٹی وی کے علاوہ جلوس کی فضائی نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ اونچی عمارتوں پر سنائپرز تعینات ہیں۔ کراچی میں یوم علیؓ کا مرکزی جلوس دوپہر کو برآمد ہو گا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ نے جلوس کے روٹس کی سرچنگ کی اور سکیورٹی کے لئے پولیس اور رینجرز کے 10 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں۔ موبائل فون سروس جزوی بند رہے گی اور جلوس کے راستوں میں آنے والی سڑکوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کر دیا گیا۔ پشاور میں یوم شہادت حضرت علی کے سلسلے میں ماتمی جلوسوں کا سلسلہ نماز مغرب کے بعد شروع ہو گا جس کیلئے شہر کے بڑے بڑے امام بارگاہوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں یوم علی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں چار ہزار سے زائد پولیس اور ایف سی کے ہلکار تعنیات ہونگے۔ یوم علی کا مرکزی جلوس بعد از مغرب پنجابی امام بارگاہ سے بر آمد ہو گا۔ جلوس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داود آغا کریں گے۔

سرگودھا میں یوم علیؓ مذہبی عقیدت و احترم سے منایا جا رہا ہے مساجد اور امام بار گاہوں میں شیر خدا حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے جب کہ سیکورٹی کے لئے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں