اسلام آباد/لاہور/کراچی:یوم عاشور پر لاہور، کراچی،پشاور ،کوئٹہ اور دیگر شہروں میں ماتمی جلوس اختتام پذیر ہوگئے۔ سخت سکیورٹی میں جلوس و مجالس کا اہتمام کیا گیا جبکہ مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہی۔
ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا ۔کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔لاہور میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس 9 محرم الحرام کی رات نثار حویلی سے برآمد ہوا جو کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوا۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈ سے برآمد ہو ا۔ جو جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہو ا۔
اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو ا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہوا۔راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سےبرآمد ہوا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل رہی۔
یوم عاشور پر حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موبائل فون سروس مکمل بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی۔