کراچی:کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے اور سورج کا پارہ ہائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں سمندری ہوائیں بدستور بند ہونے سے گرمی کی شدت برقرار ہے جبکہ شہر میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج بھی گرمی اور حبس کا راج برقرار ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یوم عاشورہ کے روز شہر کا درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
موجودہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ گرمی کی شدت47 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں یکم جولائی کے بعد گزشتہ رات رواں سال کی دوسری گرم ترین رات رہی۔شہر قائد گزشتہ ماہ سے شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں ہے، جس کی وجہ سے شدید حبس اور موسم کی شدت سے شہری بے حال ہیں۔