لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں یوم عاشورہ کے موقع پر مجالس اور جلوسوں کے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں اور پنجاب میں پہلی بار محرم الحرام میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس مکمل ایکٹیو ہے۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ تمام بڑے جلوسوں کی مانیٹرنگ کےلیے خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیے گئے ہیں، پولیس سمیت سیکیورٹی کے دیگر ادارے مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور ہیں اوروزیراعلی مریم نواز محرم الحرام کے جلوسوں کی خود نگرانی کررہی ہیں۔
پہلی بار محرم الحرام میں وزیراعلی پنجاب کی جانب سے عزا دار امام حسین علیہ السلام کے لیے نیاز اور سبیلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا واقعہ کربلا ہمیں صبر، استقامت اور روادی کا درس دیتا ہے۔نواسہ رسول ﷺ اور انکے جانثاروں نے کربلا میں عظیم داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک مثال رہے گی۔آج دنیا کے کونے کونے میں اسلام کی روشنی کربلا میں نواسہ رسول ﷺ کی عظیم شہادت کی وجہ سے ہے۔امام حسین علیہ السّلام کی تعلیمات انسانیت کے لیے مشعل راہ ہیں۔شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں نے دین اسلام کو تاقیامت آفاقی کردیا ہے۔
کربلا میں حضرت زینب سلام اللہ علیہا کا رول بھی خواتین کے لیے مشعل راہ ہے۔حضرت غازی عباس علمدار کی امام حسین سے وفاداری رہتی دنیا تک مثال رہے گی۔۔ہمیشہ حسینیت انسانیت کے لیے باعث فخر اور یزیدیت لعنت کی مستحق رہے گی۔