پاکستانی ہائی کمیشن کا بنگلہ دیش میں پاکستانی طلباء کو  احتجاج سے دور رہنے  کا مشورہ 

 پاکستانی ہائی کمیشن کا بنگلہ دیش میں پاکستانی طلباء کو  احتجاج سے دور رہنے  کا مشورہ 

ٍڈھاکہ: پاکستانی ہائی کمیشن نے بنگلا دیش میں طلباء  کو احتجاج سے دور رہنے اور  ہر ممکن احتیاط بر تنے کا مشورہ دیا ہے۔


 ہائی کمیشن نے پاکستانی طلباء کو مشورہ دیا ہے کہ کیمپس میں رہنے والے طلبہ اپنے ہاسٹل کے کمروں میں رہیں اور احتجاج سے دور رہیں۔

  دوسری طرف  نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت معلوم کرنے کے لیے بنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر، سفیر سید معروف سے بات چیت کی۔

اس موقع پر سفیر سیدمعروف نے نائب وزیراعظم کو سیکیورٹی کی صورتحال اور بنگلہ دیش میں پاکستانیوں کی خیریت کو یقینی بنانے کے لیے ہائی کمیشن کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا،سفیر سیدمعروف نے بتایا کہ سفارت خانے نے مصیبت میں مبتلا افراد کی سہولت کے لیے ایک ہیلپ لائن قائم کی ہے۔


واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں طلبہ کی احتجاجی تحریک نے خطرناک شکل اختیار کرلی ہے۔ جس سے سات طلبہ جاں بحق ہو چکے ہیں، بنگلا دیش حکومت نے تمام کالجوں اور جامعات کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا ہے۔


حکومت نے سرکاری ملازمتوں میں 1971 میں پاکستان کے خلاف اور بنگلا دیش کے قیام کے لیے چلائی جانے والی تحریک کے دوران مارے جانے والوں کی اولاد کے لیے 30 فیصد کوٹہ مختص کرنے کا اعلان کیا ہے، ملک بھر کے طلبہ اس کوٹے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔