ملک بھر میں  آج  یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے،سخت  سکیورٹی میں جلوس و مجالس کا اہتمام  کیا گیا ہے

ملک بھر میں  آج  یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے،سخت  سکیورٹی میں جلوس و مجالس کا اہتمام  کیا گیا ہے

اسلام آباد/لاہور/کراچی: ملک بھر میں یوم عاشور آج مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے اور سخت  سکیورٹی میں جلوس و مجالس کا اہتمام  کیا گیا ہے جبکہ مختلف شہروں میں آج موبائل فون سروس جزوی طور پر بند ہے ۔

ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جا رہے ہیں اور مجالس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ جلوسوں اور مجالس میں حضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا مرکزی جلوس حسینیہ ایرانیاں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی گزرگاہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس 9 محرم الحرام کی رات نثار حویلی سے برآمد ہوا جو آج کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہو گا۔ مرکزی جلوس کے لیے انتہائی سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس چوک شہداء علمدار روڈ سے برآمد ہو گا۔ جو روایتی راستوں علمدار روڈ، طوغی روڈ، میزان چوک، لیاقت بازار سے گزرے گا۔ جنکشن چوک، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، نوریاسین گلی سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڑ پر اختتام پذیر ہو گا۔

پشاورکی مختلف امام بارگاہوں سے بھی یوم عاشور کے 12 جلوس برآمد ہوں گے جہاں پہلا جلوس امام بارگاہ سید علی شاہ رضوی سےبرآمد ہوگا۔

اسلام آباد میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر ختم ہو گا۔

راولپنڈی میں یوم عاشورکا مرکزی جلوس امام بارگاہ عاشق حسین تیلی محلہ سےبرآمد ہوگا، اس موقع پر اطراف کے علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طورپرمعطل رہےگی۔

یوم عاشور پر حکومت نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں موبائل فون سروس مکمل بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف جلوس اور مجالس والے علاقوں میں موبائل فون سروس معطل کی جائے گی۔ کوئٹہ میں آج صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک موبائل سروس بند رہے گی۔