گال ٹیسٹ: دوسرے روز کا کھیل ختم ،پاکستان کی  آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی 

09:47 PM, 17 Jul, 2023

گال :پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے 312 رنز کے جواب میں پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز بنا لیے ہیں۔ کھیل کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے جواب میں پاکستان کی اننگز کے آغاز پر ٹاپ آرڈر فلاپ ہوگیا اور آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ۔  سلمان آغا61 اور سعود شکیل 69 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں، بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل جلد ختم کردیا دیا گیا۔

پاکستان کی جانب سے بیٹر امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ جوڑی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی ،امام الحق دوسرے اوور میں صرف 1 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے اس کے بعد عبد اللہ شفیق بھی صرف 19 رنز پر پربتھ جے سوریا کی گیند پردھننجیا ڈی سلوا کو کیچ دے دیا۔ 

شان مسعود 30 گیندوں پر 39 رنز بناکر رمیش مینڈس کا شکار ہوئے جس کے بعد کریز آئے کپتان بابر اعظم بھی ٹیم کے سکورز کو زیادہ دیر آگے نہ بڑھا سکے اور پربتھ جے سوریا کی گیند پر صرف 13 رنز پر سدیر اسمارا وکرما کو کیچ دے دیا، وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے 15 گیندوں پر 17 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسرے روز کھیل کا آغاز سری لنکا نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سے کیا۔ تاہم کھیل کے دوسرے روز بھی سری لنکن کھلاڑی پاکستانی باؤلرز کے آگے اچھی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دوسرے روز کھیل کا آغاز دھننجیا ڈی سلوا اور رمیش مینڈس نے کیا لیکن رمیش مینڈس 40 گیندوں پر 5 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار ہوگئے۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ نے دھننجیا ڈی سلوا کو 122 رنز جبکہ رمیش مینڈس کو صرف 4 رنز کے ساتھ پویلین بھیج دیا، دھننجیا ڈی سلوا نے 214 گیندوں پر 122 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، کوسن رجیتھا بھی صرف 8 رنز پر ابرار احمد کی گیند پر عبد اللہ شفیق کو کیچ دے بیٹھے، یوں پہلی اننگز میں سری لنکن ٹیم 312 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

مزیدخبریں