پشاور:پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز کی تشکیل کے کچھ دیر بعد ٹوٹ پھوٹ شکار ہوگئی اور ارکان کی جانب سے پارٹی میں شمولیت کی تردید ہونے لگی۔اب تک نو افراد پارٹی میں شامل ہونے کی تردید کرچکے ہیںمزید کے آنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر محمد جان، افتخار مشوانی، ملک شوکت، تاج محمد خان، پیر مصور خان اور ساجدہ ذوالفقار نے پرویز خٹک کی نئی جماعت میں شمولیت کی تردید کی ہے۔
اس کے علاوہ سابق ایم پی اے سوات عزیز اللہ خان گراں اور سابق ایم پی اے ایبٹ آباد قلندر خان لودھی ، سابق رکن اسمبلی لوئر دیر اعظم خان نے بھی پرویز خٹک کی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ آخری سانس تک پی ٹی آئی اور چیئرمین کا وفادار رہوں گا۔
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ آغاز پر ہی اراکین کے تردیدی پیغامات اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ پارٹی کی سیاسی منظر نامے میں کوئی حثییت نہیں ہوگی۔
پرویز خٹک نےپی ٹی آئی پارلیمینیرینز کے نام سے نئی پارٹی کا باقاعدہ اعلان کیا اور دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کے 57 سابق ارکان اسمبلی نے شمولیت کا اعلان کیا ہے۔