ٹوکیو: جاپان میں گرمی کی وجہ سے ہیٹ سٹروک الرٹ جاری کیاگیا ہے۔ جاپان کا سب سے زیادہ درجہ حرارت2018 میں کاما گایا سٹی ( سیتاما) میں 41.1 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا تھا۔ تاہم ا ب متعلقہ محکموں کے مطابق درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ظاہر کیاجارہا ہے۔
فوکو شیما ہیرونو ٹائون میں درجہ حرارت 37.3 سینٹی گریڈ ہے اور امکان ظاہر کیاجارہا ہے کہ یہ درجہ حرارت آنے والے دنوں میں بڑھے گا اور اس وجہ سے ہیٹ ویو کی لہر پیدا ہوگی۔ ماہرین صحت نے گرمی بڑھنے کے پیش نظر گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے تاکہ گرمی سے محفوظ رہا جاسکے۔
خیال رہے ایک طرف دنیا کے مختلف ممالک میں شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچائی ہوئی ہے اب یورپ کے شہری شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں رواں ماہ جولائی کا پہلا ہفتہ دنیا بھر میں ریکارڈ تاریخ میں گرم ترین ہفتہ قرار دیا گیا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پاکستان، بھارت، جاپان، سپین سمیت امریکی ریاستوں نیویارک، نیوجرسی، کنیکٹی کٹ، پنسلوینیا، میسا چوسٹس اور ورمونٹ کو بھی شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔