گال: قومی کرکٹ ٹیم کیلئے 52 واں ٹیسٹ میچ کھیلنے والے سرفراز احمد نے ایک اعزاز اپنے نام کرلیا۔ سرفراز احمد ٹیسٹ کرکٹ میں 3ہزار رنز بنانے والے پہلے وکٹ کیپر بیٹر بن گئے۔
سری لنکا میں جاری گال ٹیسٹ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے ٹیسٹ کیریئر میں 3 ہزار رنز مکمل کرلیے۔
سرفراز احمد نے یہ سنگ میل 52 ویں ٹیسٹ میں عبور کیا۔
سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے 3000 رنز بنانے والے 20ویں بیٹر ہیں۔
اس فہرست میں کامران اکمل 92 اننگز میں 2 ہزار 648 رنز کے ہمراہ دوسرے، معین خان 98 اننگز میں 2 ہزار 581 رنز کے ساتھ تیسرے، امتیاز احمد 67 اننگز 2 ہزار 10 رنز کے ہمراہ چوتھے جبکہ راشد لطیف 57 اننگز میں ایک ہزار 381 رنز کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جارہے گال ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکن ٹیم 312 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی پاکستان کی جانب سے بھی اننگز کے آغاز پر ٹاپ آرڈر فلاپ ہوگیا اور 101 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔