لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کو ایک ماہ کیلئے تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے چوہدری پرویز الہٰی کی نظر بندی کا حکم نامہ جاری کیا۔
ڈی سی لاہور کی جانب سے جاری کیے گئے حکم نامے کے مطابق پولیس نے سابق وزیراعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کرنے کی سفارش کی ہتھی،پولیس نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو نظر بندی کے احکامات جاری کرنے کیلئے خط لکھا۔ پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش یہ بات سامنے آئی کہ پرویز الٰہی نقصِ امن کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔
حکم نامہ کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی ایک ماہ کے لیے کیمپ جیل لاہور میں ہی نظر بند رہیں گے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ سے تھانہ غالب مارکیٹ میں درج مقدمہ میں حفاظتی ضمانت ملنے کے بعد ہفتہ کی شام عدالتی عملے نے چوہدری پرویز الہٰی کی روبکار کیمپ جیل پہنچادی تھی لیکن ان کو رہا نہیں کیا گیا تھا۔