لاہور: پنجاب کے ضمنی انتخاب میں بلا چل گیا،،ن لیگ اور اتحادیوں کو شکست ہوئی ہے۔ 20 میں سے15نشستیں پی ٹی آئی نے جیت لیں .ن لیگ نے 4 نشستیں جیتی ہیں ۔ن لیگ کو اپنے گڑھ لاہور میں بھی ناکامی کا سامنا ہے۔ لاہور کی چار میں سے تین نشستوں پر پی ٹی آئی نے میدان مار لیا ۔ پی پی 168 لاہور پر ن لیگ کے ملک اسدکھوکھر کامیاب ہوئے ہیں۔ ایک سیٹ ن لیگ نے بہاولنگر، ایک مظفرگڑھ اور ایک راولپنڈی سے جیتی جبکہ لودھراں کی سیٹ پر آزاد امیدوار نے کامیابی حاصل کی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق ضمنی انتخابات میں پولنگ صبح 8 سے 5 بجےتک بلاتعطل جاری رہی۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور پی ٹی آئی نے میدان مار لیا ہے۔ 16 سیٹیں پی ٹی آئی، 3 ن لیگ اور ایک آزاد کے پاس ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے قلعہ لاہور کی کُل چار میں سے 3 انتخابی نشست پر کامیابی حاصل کرلی۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے لاہور حلقہ 158 کا میدان مار لیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار میاں محمد عثمان اکرم نے مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا احسن شرافت کو شکست دیدی۔
حلقے کے مکمل 151 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق میاں محمد عثمان اکرم نے 37 ہزار 463 ووٹ جبکہ رانا احسن اشرف 31 ہزار 906 ووٹ حاصل کرسکے۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات میں منحرف رکن اسمبلی علیم خان اس حلقے سے کامیاب ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں پی پی 167 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے شبیر گجر 40 ہزار 511 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ن لیگ کے نذیر چوہان 26 ہزار 473 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 170 (لاہور) کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ظہیر عباس کھوکھر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار محمد امین ذوالقرنین کو شکست دیدی۔ظہیر عباس نے 24 ہزار 688 ووٹ جبکہ محمد امین ذوالقرنین نے 17 ہزار 519 ووٹ حاصل کیے۔
پی پی 168 (لاہور) کی انتخابی نشست پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسد علی کھوکھر نے تحریک انصاف کے امیدوار نواز اعوان کو شکست دیدی۔ اسد علی کھوکھر 26 ہزار 169 ووٹ جبکہ نواز اعوان 15 ہزار 767 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 83 (خوشاب) کے تمام 215 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے ملک حسن اسلم خان کامیاب ہوگئے ہیں۔ غیرسرکاری اور غیر حتمی تنائج کے مطابق پی ٹی آئی کے ملک حسن اسلم نے 48 ہزار 475 ووٹ لے کر آزاد امیدوار محمد آصف ملک کو شکست دی۔
پی پی 217 (ملتان) کے تمام 124 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار مخدوم زین قریشی نے ن لیگ کے امیدوار سلمان نعیم کو شسکت دے دی۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے مخدوم زین قریشی نے 47 ہزار252 ووٹ لے کر کامیابی اپنے نام کی۔
ن لیگ کے سلمان نعیم 40 ہزار 203 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پررہے۔ سیکرٹریٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی کے بیٹے 7 ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیاب رہے جبکہ پی پی 217 میں ٹرن آؤٹ 42 فیصد سے زائد رہا۔
پی پی 288 (ڈیرہ غازی خان) کے تمام 145 پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردارمحمدسیف الدین کھوسہ 58 ہزار 166 ووٹ لےکر کامیاب ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عبدالقادر خان 32 ہزار 212 ووٹ حاصل کرسکے۔
پی پی 202 (ساہیوال) کے تمام 176 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج الیکشن کمیشن کو موصول ہوگئے جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار میجر (ر) محمد غلام سرور نے مسلم لیگ (ن) کے نعمان لنگڑیاں کو شکست دے دی۔ انتخابی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار نے 62 ہزار 298 ووٹ جبکہ لیگی رہنما نے 59 ہزار 191 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن کو پی پی 140 (شیخوپورہ) کے انتخابی نتائج موصول ہوگئے۔ موصول ہونے والے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خرم شہزاد ورک 50 ہزار 166 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے سیاسی حریف ن لیگ کے میاں خالد 32 ہزار 105 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
الیکشن کمیشن کو پی پی 228 (لودھراں) کے مکمل پولنگ اسٹیشنز کے انتخابی نتائج موصول ہوگئے جس کے مطابق آزاد امیدوار پیر رفیع الدین 45 ہزار 20 ووٹ لیکر کامیاب رہے۔ پی ٹی آئی کے کیپٹن عزت خان 38 ہزار 338 ووٹ لیکر دوسرے جبکہ ن لیگ کے نذیر خان 34 ہزار 929 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔