لاہور : سپیکر پنجاب اسمبلی اور وزیراعلیٰ کے امیدوار چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان کا ویژن، انتھک محنت اور اسٹریٹجی انشااللہ آج رنگ لائے گی، قوم جان چکی ہے کہ عمران خان کی قیادت میں ہی ملک موجودہ سیاسی چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ عمران خان نے جرات سے نااہل حکمرانوں کو للکار کر غریب عوام کی آواز بلند کی۔
اپنے ٹویٹ میں چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ آج انشاء اللہ ظالموں اور متکبروں کا تختہ الٹ جائے گا، آج پنجاب کے عوام لوٹوں اور ان کے خریداروں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ تین ماہ سے عوام پر پٹرول، بجلی اور گیس کے بم گرانے والی امپورٹڈ حکومت سے عوام آج حساب لیں گے، عوام آج اپنے ووٹ کی طاقت سے پنجاب کی غیر قانونی حکومت کا خاتمہ کر دیں گے، عوام کا فیصلہ آنے کی دیر ہے، ن لیگ پنجاب میں قصہ پارینہ بن جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے سپریم کورٹ میں جو کہا اس پر عمل نہیں کیا، شہبازشریف اور حمزہ شریف نے نتائج چوری کرنے کی کوشش کی تو اس پر عوام کے ردعمل کے ذمہ دار خود ہوں گے، ہوا کا رخ بدل چکا ہے، ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے، یہ دیکھ کر ہی ان کے ارکان اب استعفے دے رہے ہیں۔