اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے شہباز گل کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خوف و ہراس پھیلانے اور الیکشن چوری کرنے کی کوشش ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ فسطائی حربے موثر ثابت ہوں گےاور نہ ہی ہمارے لوگ اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے باز آئیں گے، امپورٹڈ حکومت کے سرپرستوں کو اس نقصان کا احساس ہونا چاہیے جو وہ قوم کو پہنچا رہے ہیں۔
محض عوام کوخوفزدہ کرنےاورانتخاب میں دھاندلی کےپیشِ نظرشہبازگل کی غیرقانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتاہوں۔یہ فسطائی حربےمؤثرثابت ہوں گےنہ ہی ہمارےلوگ اپنا حقِ رائےدہی استعمال کرنےسےبازآئیں گے۔امپورٹڈ حکومت کےسرپرستوں کو اس نقصان کااحساس ہوناچاہئیے جو وہ ہماری قوم کوپہنچارہےہیں
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) July 17, 2022
واضح رہے کہ مظفر گڑھ میں پنجاب پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو گرفتار کیا۔
مظفر گڑھ کی فیکٹری میں موجود پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کے ساتھ فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) جیسی وردی والے پرائیویٹ مسلح سیکیورٹی گارڈز کی موجودگی کی اطلاع پر پنجاب پولیس نے ایکشن لیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ایف سی اہلکاروں کو واپس بھیجنے کیلئے آئے ہیں جس دوران شہباز گل اور پولیس اہلکار کافی دیر تک بات کرتے رہے تاہم کافی بحث و تکرار کے بعد شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب شہباز گل کا کہنا ہے کہ مجھے تین گھنٹے سے روکا گیا اور 10 منٹ پہلے مجھے کہا گیا کہ آپ کو گرفتارکر لیا گیا ہے، آپ باہر نہیں جا سکتے، مجھے بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میرے پاس ایف سی کے کوئی گارڈز نہیں ہیں، انہیں اوپرسے کہا گیا کہ مجھے الجھائے رکھا جائے، جو وکلا مشورہ دیں گے وہ لائحہ عمل اختیارکروں گا۔