پی ٹی آئی رہنماءشہباز گل گرفتار

04:00 PM, 17 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

مظفر گڑھ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءڈاکٹر شہباز گل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب عطاءاللہ تارڑ نے شہباز گل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نقص امن کے شبہ میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے دوران دفعہ 144 نافذ ہے جس کے باعث اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے اور شہباز گل کو مسلح افراد کے ہمراہ گرفتار کیا گیا ہے۔ 
عطاءتارڑ نے مزید کہا کہ شہباز گل کے ہمراہ ایف سی کا کوئی اہلکار موجود نہیں، سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سیکیورٹی ادارے کی وردی میں ملبوس مسلح افراد کون ہیں۔ شہباز گل سستی شہرت کے حصول کیلئے غیر قانونی حرکات پر اتر آئے ہیں۔ 
صوبائی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کیلئے اسلحہ بردار افراد ساتھ لائے، ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ 
دوسری جانب شہباز گل کا کہنا ہے کہ مجھے تین گھنٹے سے روکا گیا اور 10 منٹ پہلے مجھے کہا گیا کہ آپ کو گرفتارکر لیا گیا ہے، آپ باہر نہیں جا سکتے، مجھے بغیر کسی وارنٹ کے گرفتار کیا گیا ہے۔ 
پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ میرے پاس ایف سی کے کوئی گارڈز نہیں ہیں، انہیں اوپرسے کہا گیا کہ مجھے الجھائے رکھا جائے، جو وکلا مشورہ دیں گے وہ لائحہ عمل اختیارکروں گا۔

مزیدخبریں