اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شہری ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے گزشتہ 4 سال کی تباہی کے بارے میں ضرور سوچیں ، آپ کا ووٹ ہی آپ کی طاقت ہے ۔
اپنی ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ ووٹ کی طاقت سے انتشار ، نفرت اور تقسیم کی سیاست مسترد کریں ۔ شہری ووٹ قومی ترقی اور اپنے بچوں کے روشن مستقبل کیلئے دیں ۔ آپ کی قوت انتخاب پر مجھے پورا بھروسہ ہے ۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پنجاب کو پونے 4 سال بدترین گورننس کا نشانہ بنایا گیا ، پنجاب میں گزشتہ 4 سال شہری سہولتوں کی حالت ابتر اور لاقانونیت عروج پر رہی ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے پنجاب کی جو حالت کی وہ عوام کی توہین سے کم نہیں ۔
واضح رہے کہ پنجاب کی 20 صوبائی نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے ووٹ آج ڈالے جا رہے ہیں ۔ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا ۔ پاکستان تحریک انصاف اور ن لیگ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں فیصلہ کن برتری کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہی ہیں ۔