باغ: وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ جلسے سے خطاب کے بعد وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی مہم چھوڑ کر پاکستان روانہ ہوگئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے وفاقی وزیر امور کشمیر کو کشمیر بدر کرنے کا حکم دیا تھا جس پر چیف سیکرٹری آزاد کشمیر نے علی امین گنڈا پور کو چیف الیکشن کمشنر کا تحریری حکم پہنچایا۔
آج علی امین گنڈاپور نے آزاد کشمیر کے علاقے باغ میں وزیر اعظم کے ہمراہ جلسے سے خطاب کیا اور اس کے بعد انتخابی مہم چھوڑ کر پاکستان روانہ ہو گئے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ قانون کی حکمرانی کیلئے الیکشن کمیشن کا حکم بطور احتجاج تسلیم کررہا ہوں۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آزاد کشمیر نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری کو ہدایت کی تھی کہ علی امین کی تقریروں سے نقصِ امن کا خدشہ ہے لہٰذا انہیں آزاد کشمیر سے فوری نکالا جائے۔
دوسری جانب انتخابی مہم کے دوران پیسے بانٹنے پر علی امین کے خلاف مقدمہ بھی درج نہیں ہوسکا۔ پرچہ کاٹنے کا حکم چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے دیا تھا۔