کراچی: شہر قائد میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے بعد مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا۔
کورونا کیسز میں اضافے کے بعد کورنگی کی مزید دو یونین کونسلوں میں محکمہ صحت کے حکام کی نشاندہی پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کورنگی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پہلے دو سب ڈویژن کی 5یونین کونسل میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا اب کورنگی کے 3 سب ڈویژن کے 3 یوسیز میں مائیکر و اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔
نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں کورنگی سب ڈویژن کی ایک یوسی، کورنگی گلزار کالونی یونین کونسل6 کے مختلف علاقے، شاہ فیصل کالونی کی یونین کونسل رفاع عام، ماڈل ٹاؤن کی یوسی 1 میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔
اسماٹ لاک ڈاؤن 17 سے 31 جولائی کی شام تک رہے گا اور اس دوران مذکورہ علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا جبکہ گھروں سے باہر نکلنے والے شہریوں کو بلا ضرورت نکلنے کی اجازت نہیں ہو گی اور مجبوری میں ماسک لازمی ہوگا۔
مذکورہ علاقے میں میڈیکل اسٹور، دودھ اور کریانے کے علاوہ تمام دکانوں کو مقررہ وقت تک کھولنے کی اجازت ہوگی جبکہ صنعتی سرگرمیاں بند، ڈبل سواری اور ہر قسم کے اجتماع حتیٰ کہ گھر میں تقریب پر پابندی ہو گی۔ ان علاقوں میں غیر رہائشیوں کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی جبکہ گھروں سے نکلنے والے شہریوں کو اپنا شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گیا۔