نواز شریف ایکٹنگ کر کے اور جعلی میڈیکل رپورٹس دے کر باہر بھاگ گیا، وزیراعظم

06:33 PM, 17 Jul, 2021

باغ: پاکستان تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان قوم تب بنتی ہے جب مفادات سے اوپر نظریہ آ جاتا ہے جبکہ پاکستان اور کشمیر کا کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے اور چاہتے ہیں مقبوضہ کشمیر کے لوگ آزاد ہوں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ دیا گیا ہے اور سال کے آخر تک پنجاب کے تمام شہریوں کو بھی ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیا جائے گا جبکہ ہاوَسنگ اسکیم کے تحت آسان قرضوں پر لوگوں کو گھر دیں گے اور اسی طرح سے آزاد کشمیر کے لوگوں کو بھی سہولیات دیں گے جبکہ اس سال کے آخر تک کشمیر کے لوگوں کو بھی ہیلتھ کارڈ دیں گے۔ 

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیاب پاکستان کا پراجیکٹ شروع کرنے جا رہے ہیں جس کے ذریعے ہر خاندان کے ایک فرد کو قرضہ دیں گے اور اس پروگرام کے تحت بینک  ویلڈر اور غریب طبقے کو گھر کیلئے پیسے دیں گے۔ انصاف کے نظام کے بغیر کوئی قوم اوپر نہیں جا سکتی اور ہمارے سامنے چین سب سے بڑی مثال ہے جس نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکال کر سپر پاور بن گیا ہے۔ 

انہوں نے کہا جس ملک میں انصاف اور قانون کی بالادستی ہے وہ خوشحال ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں جیلوں میں غریب لوگ ہیں اور قانون طاقتور لوگوں کو نہیں پکڑتا اور ملک تب تک خوشحال نہیں ہوسکتا جب تک طاقت کی حکمرانی نہ ہو جبکہ اس وقت ہم پاکستان کے مستقبل کے جنگ لڑ رہے ہیں ۔ سارے بڑے ڈاکو کہہ رہے ہیں کہ آج حکومت گرائیں گے کل گرائیں گے لیکن دنیا بھر میں کہیں بھی چوروں کو این آر او نہیں دیا جاتا۔بڑے، بڑے ڈاکو صرف این آر او مانگ رہے ہیں اور کچھ نہیں بلکہ یہ چاہتے ہیں ان کے گناہ معاف کر دیئے جائیں لیکن ہم طاقتور کو قانون کے نیچے لانے کی کوشش کر رہے ہیں اگر میرا پیسہ بھی باہر ہوتا تو امریکا کو کبھی ایبسلیوٹلی ناٹ نہیں کہتا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نواز شریف ایکٹنگ کر کے اور جعلی میڈیکل رپورٹس دے کر باہر بھاگ گیا۔ نواز شریف نے ایسی اداکاری کی کوئی ہالی ووڈ میں بھی نہیں کر سکتا اور مہذب معاشرے میں کوئی جھوٹے ٹیسٹ دکھا کر برطانیہ نہیں جاتا اور کبھی ایسا نہیں ہوتا کہ جھوٹ بول کر کوئی ملزم برطانیہ چلا جائے۔ 

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ساری دنیا میں کشمیر کا سفیر بن کر نکلوں گا اور کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتا رہوں گا جبکہ 5 اگست کے بعد مودی نے سمجھا کشمیری گھٹنے ٹیک دیں گے لیکن کشمیریوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس وقت آر ایس ایس کے نظریے سے سب سے زیادہ خطرہ بھار ت کو خود ہے۔ 

مزیدخبریں