مظفر آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یہ جو لوگ کشمیر آئے ہیں وزیر اعظم عمران خان بھی آگئے ہیں کشمیر جب مقبوضہ کشمیر پر مودی نے حملہ کیا اس وقت وزیراعظم کہاں تھے اس وقت تو کہتے تھے مودی نے کشمیر پر حملہ کردیا ہے تو میں کیا کروں۔
مظفر آباد کے علاقے پٹہکہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹوزرداری نے کہا کہ کشمیرمیرے دل کے قریب ہے۔ بلاول کشمیریوں کی آواز بنیں گے۔ آج کچھ لوگ یہاں آکر بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے کہا تھا کہ جہاں کشمیریوں کا پسینہ گرے گا وہاں ہمارا خون گرے گا۔ آصف علی زرداری نے آزاد کشمیر میں بہت زیادہ ترقیاتی کام کرائے ہیں۔ پیپلز پارٹی پہلے بھی کشمیر کے ساتھ اب بھی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔
آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پورے کشمیر میں ہم نے سڑکوں کا جال بچھایا۔ بلاول نے کہا کہ کشمیری جو کہیں گے ہم وہ کریں گے کشمیری کہیں گے جنگ کرنی ہےتو ہم جنگ کریں گے۔