کراچی: سندھ کابینہ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
سندھ کابینہ کا اجلاس وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہوا۔ جس میں مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اس موقع پر مسجد رضوان ٹرسٹ کراچی کو 10 ایکڑ زمین قبرستان کے لیے الاٹ کرنے اورداؤد یونیورسٹی کے وائس چانسلر فیض اللہ عباسی کو نئے وی سی کی تقرری تک کام جاری رکھنے کی منظوری دی گئی۔
سندھ کابینہ نے دی ابن سینا یونیورسٹی، میرپورخاص کے چارٹر کی منظوری دی اور چیئرمین بی آئی ایس ای حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص کو نئے چیئرمین کی تقرری تک توسیع کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں یونین کونسل مواچھ، یو سی گابو پٹ اور یوسی لال بکھر کو ضلع کونسل ڈی ایم سی کیماڑی کو دینے کی منظوری دی گئی۔
سندھ کابینہ اجلاس کوترقیاتی پورٹ فولیو سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ جس میں کہا گیا کہ سال 22-2021 میں ترقیاتی پورٹ فولیو 329.02 ارب روپے کا ہے اور 30 ارب روپے ضلعی اے ڈی پی کے لیے ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ غیر ملکی منصوبوں کے لیے 71.36 ارب روپے ہے۔ وفاقی پی ایس ڈی پی کے لیے 5.36 ارب روپے ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ پہلے کوارٹر میں 603 اسکیمز کے ذریعے 14.098 ارب روپے کا ہدف مکمل کریں گے اور میں چاہتا ہوں صوبائی وزرا ترقیاتی اسکیموں کی تکمیل پر مکمل توجہ دیں۔