لاہور: پنجاب اسمبلی میں یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کے نرخوں میں اضافے کے خلاف قرارداد جمع کرادی گئی ہے جس میں اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں اضافے کو ظالمانہ اقدام قرار دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے یوٹیلٹی سٹورز پر فروخت ہونے والی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں گراں قدر اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز پر بکنے والی اشیائے خوراک کے نرخوں میں اضافے کی منظوری کی شدید مذمت کرتا ہے۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری کے بعد آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت میں 150 روپے، گھی کی قیمت میں فی کلو 90 روپے جبکہ چینی کی قیمت میں فی کلو 17 روپے اضافہ ہوا جو ظالمانہ اقدام ہے۔
واضح رہے کہ وزیرخزانہ شوکت ترین کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اجلاس میں آٹے کا تھیلا 150 روپے، چینی 17 روپے اورگھی کی فی کلوقیمتوں میں 90 روپے اضافے کی منظوری دی گئی۔
اس منظوری کے بعد یوٹیلٹی سٹور پر چینی 68 روپے کے بجائے 85 روپے کلو دستیاب ہو گی جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 800 روپے سے بڑھا کر950 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔ای سی سی اجلاس میں فی کلوگھی کی قیمت میں 90 روپے کا اضافہ کیا گیا اور 170 روپے کلو ملنے والا گھی اب 260 روپے فی کلو دستیاب ہو گا۔