کوہالہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ تیر عوام کے مسائل کا حل اور ان کی کامیابی کا نشان ہے ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی جب بھی حکومت میں آئی اس نے عوام کے مسائل حل کئے ، پیپلز پارٹی غریبوں کی جماعت ہے اور ان کے حق کیلئے آواز بلند کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام 25 جولائی کو تیر کے نشان پر مہر لگا کر پیپلز پارٹی کو کامیاب بنائیں ۔
آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنا کر عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ اُن کے لیڈروں نے جمہوریت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے ہیں ، کشمیر سے پیپلز پارٹی کا 3 نسلوں کا رشتہ ہے جو آج بھی قائم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے جمہوری حقوق کیلئے ہماری جانیں بھی حاضر ہیں ۔
سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے دن سے کشمیر کے ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گی ، پیپلز پارٹی کی سابق حکومت نے آزاد کشمیر میں بے شمار ترقیاتی کام کرائے ہیں ۔