وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین سینٹ کی قیادت میں وفد کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

10:42 AM, 17 Jul, 2021

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی کی قیادت میں سینیٹرز کے وفد کی ملاقات ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ، سیاسی صورتحال اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔

چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی اور وفد نے پنجاب کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ویژن کو سراہا اور چیئرمین سینٹ اور وفد نے عثمان بزدار کے ہر ضلع کی یکساں ترقی کیلئے خصوصی ڈویلپمنٹ پیکیج کے اقدام کی تعریف کی ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی ساری اکائیاں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں ، ہمارے دکھ سکھ سانجھے ہیں ، پنجاب کے ساتھ دیگر صوبے بھی ترقی کریں گے تو پاکستان آگے بڑھے گا ۔ ترقی کے سفر میں اپنے بھائیوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں ۔ پنجاب اور بلوچستان کے لوگ ایک دوسرے سے دلی لگاؤ رکھتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ۔ بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کے مسائل ہمارے مسائل ہیں ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کو پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور سماجی ترقی کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ۔ 

عثمان بزدار نے سینٹ کی کارروائی کو احسن انداز سے چلانے پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کے کردار کو سراہا ۔ ملاقات کے دوران صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بین الصوبائی ہم آہنگی کے لئے قابل تحسین اقدامات کئے ہیں ۔ بلوچستان کے لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے اقدامات ہر لحاظ سے قابل تعریف ہیں ۔ ملکی ترقی کیلئے وفاق اور صوبوں کے مابین ہم آہنگی مزید بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ ایوان بالا اس حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کرتا رہے گا ۔

مزیدخبریں