لاہور: سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب سارہ اسلم نے کہا ہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیس بڑھ رہے ہیں اس لئے شہری عیدالاضحی پر ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق سارہ اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 18 سال سے زیادہ عمر کے افراد کا ویکسین لگوانا لازمی ہے اور عید الاضحی کے پیش نظر پنجاب کی مویشی منڈیوں میں 118موبائل ویکسی نیشن کیمپ قائم کئے جا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 415 مریض سامنے آئے ہیں جس کے بعد پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 9ہزار 547 ہوگئی ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کوروناوائرس کے 17ہزار 684 ٹیسٹ ہوئے جبکہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کے 59لاکھ 30ہزار 174 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔
سیکرٹری سارہ اسلم کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے لاہور سے 246، راولپنڈی سے 69 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ سارہ اسلم کے مطابق فیصل آباد 16، ملتان 13، سیالکوٹ 9 اور بہاولپور سے کورونا وائرس کے6 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ روز پنجاب میں کوروناوائرس کے مثبت کیسز کی شرح 2.3 ریکارڈ کی گئی۔
سارہ اسلم نے کہا کہ لاہور میں کوروناوائرس کے مثبت کیسز کی شرح 3.6، فیصل آباد میں2.0، بہاولپور میں 1.1 اور ملتان میں 1.4 ریکارڈ کی گئی ہے۔ سیکرٹری سارہ اسلم کے مطابق 24 گھنٹوں میں 3لاکھ 52ہزار 832 افراد کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے جبکہ 24 گھنٹوں میں لگائی گئی ویکسین اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے، پنجاب میں ایک کروڑ 19 لاکھ 48 ہزار 15 افراد کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔