بھارتی جاسوس کو ریلیف کیوں دینا پڑا، حکومت جواب دے، بلاول

09:22 PM, 17 Jul, 2020

سکھر: چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے کلبھوشن یادیو کو سہولت دینے کیلئے آرڈیننس پیش کیا جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔ حکومت جواب دے بھارتی جاسوس کو ریلیف کیوں دینا پڑ رہا ہے؟

  پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کیا وجہ تھی کہ حکومت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن سنگھ یادیو کو سہولت کاری کا موقع دیا۔ اسے جو ریلیف دیا، کیا اس کا فائدہ لیا ہے یا نہیں؟ آرڈیننس پر اپوزیشن کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ ان سوالات کا جواب حکومت کو دینا پڑے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان کے نہیں ‘’ٹویٹر’’ کے وزیراعظم ہیں، وہ ملک کے مسائل حل نہیں کر سکے۔ حکومت کو جب عوام کی صحت کا خیال کرنا چاہیے تھا، وہ تب این ایف سی اور 18 ویں ترمیم کو ختم کرنے لیے کوششیں کر رہی تھی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم عدالت سے اپیل کرتے ہیں کہ قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔ آج خورشید شاہ کے ساتھ ناانصافی ہو رہی ہے۔ جس آزاد عدلیہ کے لیے ہم نے جدوجہد کی، وہ عدلیہ خورشید شاہ کے ساتھ انصاف کرے۔

مزیدخبریں