واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان کی طرف سے کرتارپور راہداری کو کھولنے کے اقدام کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیکس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری کو کھولنے پر حالیہ مذاکرات انتہائی خوش آئند ہیں، پاکستان اور بھارتی عوام کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ ایسے اقدامات کی حمایت کرتا ہے جس میں ہمسایہ ممالک کی عوام کے روابط بڑھانے پر توجہ دی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ کرتارپور راہداری کو کھولنے کے سلسلے میں پاکستان اور بھارتی کی تکنیکی ٹیموں کی ملاقات اتوار کے روز واہگہ بورڈر پر ہوئے تھے، اس سے قبل دو اپریل کو ہونے والی ملاقات بھارت نے ملتوی کر دی تھی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ تقریبا اسی فیصد نکات پر اتفاق رائے ہو گیا جبکہ باقی بیس فیصد نکات پر بھی آئندہ ملاقات میں معاملات طے پا جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق اس راہداری کو بابا گرو نانک کے 550ویں جنم دن تک کھول دیا جائے گا۔