پی سی بی نے انڈر19ٹیم کے کوچ کی تلاش شروع کردی

پی سی بی نے انڈر19ٹیم کے کوچ کی تلاش شروع کردی

لاہور:یونس خان اور محمد یوسف سے مایوس پی سی بی نے انڈر19ٹیم کے کوچ کی تلاش شروع کردی،موزوں امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلی گئیں۔

قومی انڈر19ٹیم کے کوچ کیلئے یونس خان کو مضبوط امیدوار خیال کیا جا رہا تھا، سابق کپتان کی پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان سے ملاقاتیں بھی ہوئیں لیکن سلیکشن میں اختیار سمیت سخت شرائط اور مالی معاملات طے نہ ہونے کی وجہ سے تقرر نہ ہوسکا، انٹرنیشنل سطح پر پاکستانی بیٹسمینوں کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے بعد ازاں محمد یوسف کی جانب بھی نگاہیں مرکوز ہوئیں لیکن ان کے ساتھ بھی معاملات طے نہیں ہوسکے۔

اس صورتحال میں پی سی بی نے اشتہار جاری کرتے ہوئے انڈر19کوچ کے امیدواروں سے درخواستیں طلب کرلیں۔انٹرنیشنل کرکٹر اور لیول ٹو کوچنگ کورس، بین الاقوامی یا اعلی سطح پر کام کرنے کا 3 سالہ تجربہ لازمی قرار دیا گیا ہے،ملکی یا صوبائی سطح پر نوجوان کرکٹرز کی صلاحیتیں نکھارنے کے پلان بنانے کی مہارت،ٹیلنٹ کی تلاش کرنے کا علم ہونا بھی ضروری ہے،پرفارمنس کے تجزیے کیلئے آئی ٹی میں مہارت بھی ہونا چاہیے، آئی سی سی گلوبل ایونٹس کا تجربہ رکھنے والوں کو ترجیح دی جائے گی.

امیدوار سے نوجوان کرکٹرز کے کھیل میں بہتری لانے کیلئے کامیاب تجربات کی فہرست بھی پوچھی جائے گی، انڈر19کوچ کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر خدمات فراہم کرنے کے ساتھ گیم پلاننگ اور ایونٹس کی تیاری بھی کرانا ہوگی،کارکردگی میں تسلسل لانے کیلئے کام کرنے کے ساتھ ٹیم کلچر کو انٹرنیشنل تقاضوں سے ہم آہنگ بھی کرنا ہوگا۔