آگ کے ساتھ رقص کرنا آسان نہیں، نورا فتیحی

01:02 PM, 17 Jul, 2019

ممبئی:مراکشی نژاد بالی ووڈ ڈانسر نورا فتیحی نے گزشتہ برس اگست میں ریلیز ہونے والی گانے ’دلبر دلبر‘ کے ریمیک میں شاندار ڈانس کرکے سب کے دل جیت لیے تھے۔’دلبر‘ میں شاندار پرفارمنس کے بعد نورا فتیحی کے لیے بولی وڈ کے دروازے کھل گئے تھے۔

اگرچہ نورا فتیحی ’دلبر‘ سے قبل بھی بولی وڈ میں کام کر رہی تھیں، تاہم انہیں شہرت ماضی کے اس مقبول گانے کے ریمیک سے ملی۔نورا فتیحی جلد آنے والی فلم ’بٹلا ہاؤس‘ کے گانے ’ساقی‘ میں ڈانس کرتی دکھائی دیں، تاہم یہ گانا شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

یہ گانا 2004 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مسافر‘ کے گانے’ ساقی‘ کا آفیشیل ریمیک ہے، تاہم نیا گانا پرانے گانے کے سحر کو نہ توڑ سکا۔جہاں مداحوں نے ’ساقی‘ کی ناکامی پر نورا فتیحی کو تنقید کا نشانہ بنایا، وہیں 2004 میں ساقی گانے پر ڈانس پرفارمنس کرنے والی اداکارا کوئنا مترا نے بھی نئے گانے کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

گانے کی ناکامی کے بعد اب نورا فتیحی نے اس حوالے سے پہلی بار بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس گانے میں پرفارمنس کے لیے انہوں نے محض 3 دن میں تیاری کی۔فلم فیئر کے مطابق نورا فتیحی نے ’ساقی‘ کی ناکامی کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ’ساقی‘ میں پرفارمنس کرنے کی تیاری کےلیے بہت زیادہ وقت نہ ملا اور انہوں نے محض آخری تین دن میں تیاری کی۔

ساتھ ہی مراکشی نژاد بولی وڈ اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس گانے میں انہوں نے آگ کے ساتھ ڈانس پرفارمنس کی اور آگ کے ساتھ ڈانس کرنا آسان نہیں ہوتا۔اداکارہ نے بتایا کہ ’ساقی‘ میں بہت سارے لوگوں کے ساتھ انہیں آگ کے ساتھ رقص کرنا پڑا اور سب سے اہم یہ کہ انہوں نے اس گانے کی تیاری محض تین دن میں کی۔

اگرچہ اداکارہ نے کم وقت اور آگ کے ساتھ پرفارمنس کو گانے کی ناکامی قرار نہیں دیا، تاہم انہوں نے ’ساقی‘ میں ڈانس پرفارمنس کو مشکل قرار دیا۔ساتھ ہی نورا فتیحی نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ ’بٹلا ہاؤس‘ میں انہوں نے نہ صرف گانے میں پرفارمنس کی ہے بلکہ وہ اس میں اداکاری بھی کرتی دکھائی دیں گی اور وہ اس فلم کے حوالے سے انتہائی پر امید ہیں۔

واضح رہے کہ نورا فتیحی مراکش میں پیدا ہوئیں، تاہم ان کی زیادہ کا زیادہ وقت کینیڈا میں گزرا اور ان کے پاس دونوں ممالک کی شہریت ہے۔

مزیدخبریں