لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی یلغار، طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا گیا

لاہور ایئرپورٹ پر پرندوں کی یلغار، طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا گیا
کیپشن: ایمریٹس ایئر کی دبئی سے آنے والی پرواز سکس ٹو فور کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: لاہور ایئرپورٹ رن وے کے اوپر پرندوں کی بڑی تعداد کی موجودگی پر پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔ لاہور ائیرپورٹ پر رن وے کے قریب پرندوں کی بھرمار نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ سول ایوی ایشن نے پرندوں کے غول کی موجودگی پر طیاروں کو لینڈنگ سے روک دیا۔

ایمریٹس ایئر کی دبئی سے آنے والی پرواز سکس ٹو فور کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا گیا۔ قطر ایئر ویز کی دوحہ سے آنے والی پرواز سکس ٹو ایٹ کو بھی کراچی لے جانے کی ہدایات دی گئیں۔

پی آئی اے کی میلان سے آنیوالی پرواز سیون تھری فور کو سیالکوٹ ایئر پورٹ پر اتار لیا گیا۔ طیارے میں عملے اور 15 بچوں سمیت 342 مسافر موجود تھے۔ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹس شیڈول تبدیل ہونے سے مسافروں اور ان کے لواحقین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

خیال رہے رواں سال طیاروں سے پرندہ ٹکرانے کے 18 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ پرندے پی آئی اے کے طیاروں سے ٹکرائے۔ عالمی قوانین کے مطابق ایئرپورٹ سے آبادی کم از کم 13 کلو میٹر دور ہونی چاہیے۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پرندوں کو مارنے کے لیے 10 سے 12 شوٹرز ڈیوٹی پر موجود رہتے ہیں۔