پشاور:شعبہ بازار میں بی آر ٹی برج سے لوہے کی بھاری شیٹ گرنے کے حوالے سے تحقیقاتی رپورٹ پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو موصول ہو گئی جس میں حادثے کا ذمہ دار تعمیراتی کام کرنے والے کنٹریکٹر کو قرار دیا ہے .
انکوائری رپورٹ میں یہ بتایا گیا ہے کہ کنٹریکٹر کو بارہا احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے لئے ماہ اپریل اور مئی میں خطوط لکھے گئے لیکن اس پر کوئی کان نہیں دھرا گیا جس کے باعث شعبہ بازار میں لوہے کی بھاری شیٹ گرنے سے شہری عمران شاہد کی گاڑی کو نقصان پہنچا لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ مذکورہ رپورٹ ریذیڈنٹ انجینئر ریچ ٹو کی جانب سے پی ڈی اے کو جمع کروائی گئی ہے ۔
جس میں حادثے کی تمام ذمہ داری کنٹریکٹر پر ڈالی گئی۔ رپورٹ آنے کے بعد ایک بار پھر کنٹریکٹر کو پابند کیا گیا ہے کہ تعمیراتی کام کرنے سے پہلے متعلقہ اتھارٹی سے اجازت لینا ضروری ہوگی اور منصوبے میں کام کرنے والے مزدوروں کی تربیت اور آگاہی یقینی بنائی جائے۔ دوسری طرف ڈی جی پی ڈی اے نے واقعے کے ذمہ دار کنٹریکٹر کو بھاری جرمانہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ شہری کے نقصان کے ازالے کا فوری حکم جاری کیا گیا ہے جبکہ کرین ڈرائیور کو کوتاہی پر نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے شعبہ بازار سے گزرنے والے بی آر ٹی برج سے لوہے کی بھاری شیٹ نیچے گر گئی تھی ۔حادثے میں گاڑی چلانے والا شہری عمران معجزانہ طور پر بچ گیا جبکہ بریج کے نیچے کھڑی کرین کو بھی نقصان پہنچا۔