ورلڈ کپ سیمی فائنل میں شکست،بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوچنگ سٹاف کو فارغ کرنیکا فیصلہ

10:37 AM, 17 Jul, 2019

نئی دہلی :بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ سیمی فائنل میں عبرتناک شکست کے بعد کوچنگ سٹاف کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جبکہ نئے کوچ اور دیگر سٹاف کیلئے درخواستیں طلب کرلی گئیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ راوی شاستری، بیٹنگ ، باؤلنگ، اور فیلڈنگ کوچ کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق 30 جولائی تک نئے ہیڈ کوچ اور دیگرعہدوں کے لیے درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔

بھارتی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے معاہدے کی مدت پوری ہو چکی تھی، ورلڈ کپ میں شکست کے بعد کوچنگ اسٹاف اور ٹیم مینیجمنٹ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔دوسری طرف بھارت کی سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف شکست کے بعد سے ٹیم میں اختلافات کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔کئی لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما پر زیادہ انحصار ٹیم انڈیا کو لے ڈوبا۔

خیال رہے کہ عالمی کپ 2019 میں بھارتی ٹیم کی مجموعی طور پر طور پر کارکردگی شاندار رہی تاہم سیمی فائنل میں اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں خلاف توقع شکست کا سامنا کرنا پڑا۔اس سے قبل بھارتی ٹیم میں اختلاف کی خبریں بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیم میں کوہلی اور شرما گروپ بن چکے ہیں۔

مزیدخبریں