لاہور: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، پریانکا چوپڑا اور دپیکا پڈوکون کے لاکھوں فالورز جعلی نکلے۔
بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن، شاہ رخ خان، سلمان خان، سمیت کئی ستارے سوشل میڈیا پر خاصے فعال ہیں اور گاہے بگاہے اپنی مصروفیات و خیالات سے مداحوں سےشئیر کرتے رہتے ہیں۔ان ستاروں کے سوشل میڈیا پر کروڑوں پرستار ہیں لیکن اب ٹوئٹر کی پالیسی نے بڑے بڑے ناموں کے لاکھوں فالور کم کر دیے ہیں۔
ٹوئٹر نے کچھ عرصہ قبل اعلان کیا تھا کہ وہ غیر مؤثر یا کسی وجہ سے عارضی بند اکاؤنٹس کا صفایا کردے گا۔اس صفائی مہم کے تحت امیتابھ بچن کو 4 لاکھ 24 ہزار، شاہ رخ خان کو 3 لاکھ 62 ہزار 141 اور سلمان خان کو 3 لاکھ 40 ہزار 884 فالورز سے ہاتھ دھونے پڑے ہیں۔
پریانکا چوپڑا کو بھی 3 لاکھ 54 ہزار 830 جعلی فالورز سے ہاتھ دھونا پڑا جب کہ دپیکا پڈوکون بھی 2 لاکھ 88 ہزار 298 فالورز سے محروم ہو گئیں۔
یاد رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز کے فالورز میں کمی ہوئی ہے، اس سے قبل بھی امیتابھ بچن سمیت کئی اداکاروں کے ٹوئٹرز فالورز میں کمی کی گئی تھی۔