کراچی: پیپلزیوتھ آرگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا کہ ساری جماعتیں مل کر بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلیں تب بھی وہ پیپلزپارٹی کو نہیں ہراسکتے مگر اس وقت پیپلزپارٹی کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم کو مشکل بنادیا گیا ہے- ہمارے کارکنان و رہنماؤں پر بے بنیاد مقدمات بنا کرانہیں انتخابی مہم چلانے سے روکا جارہاہے- الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت ہمارے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے تاکہ ہم تمام چوروں اور ڈاکوؤں کے گٹھ جوڑ کو عبرت ناک شکست سے دوچار کرسکیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے پیپلزیوتھ آرگنائزیشن کراچی آفس میں میڈیا کے نمائندوں سے ہونے والی ملاقات میں کیا۔تیمور مہر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تبدیلی اگر کوئی لاسکتاہے تو وہ بلاول بھٹواس کے علاوہ کوئی بھی ایسا لیڈر نہیں جس میں اس قدرقابلیت ہوکہ وہ پاکستان کی معیشت کو درست سمت میں ڈال سکے اور پاکستان کو قرضوں کے بوجھ سے نجات دلاسکے ،انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور اس کی ٹیم میں وہ ساری خوبیاں موجود ہیں جس سے پاکستان کی تقدیر کو بدلا جاسکتاہے-مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف صرف اقتدار تک پہنچنے کے لیے عوام سے جھوٹ بول رہی ہیں ان کو عوام کے مسائل سے کچھ لینا دینا نہیں ہے-
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کو اس وقت اپنی انتخابی مہم چلانے میں شدید پریشانیوں کا سامنا ہے ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں جبکہ تحریک انصاف کے لوگوں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے ساز گار ماحول فراہم کیاجارہاہے اور جو لوگ یہ ساراکا کھیل کھیل رہے ہیں وہ جان لیں کہ ان کی اس قسم کی حرکتیں عوام سے چھپی نہیں ہوئی ہے اور اس بات کا فیصلہ کرنا بھی عوام کا کام ہے کہ وہ اپنے ووٹ کا صحیح حقدار کس جماعت کو سمجھتے ہیں۔