نقیب اللہ قتل کیس، مدعی کے وکیل نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا

نقیب اللہ قتل کیس، مدعی کے وکیل نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا
کیپشن: انسداد دہشتگردی عدالت نے مدعی کے وکیل کی مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: کراچی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے جعلی پولیس مقابلہ کے دوران اسلحہ برآمدگی کیس میں راؤ انوار اور دیگر ملزمان کی درخواستِ ضمانت کی سماعت کی۔

مدعی کے وکیل صلاح الدین پنہور نے عدالتی کارروائی روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سندھ ہائیکورٹ میں یہ مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ ہم اس عدالت پر پہلے ہی عدم اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ ہماری درخواست ہے کہ آپ اس کیس میں کارروائی نہ کریں اور مزید سماعت روکی جائے۔

انسداد دہشتگردی عدالت نے مدعی کے وکیل کی استدعا مسترد کر دی تو مدعی مقدمہ کے وکیل نے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کر دیا۔

مزید پڑھیں: 'پٹرول پر 33 روپے 37 پیسے اور ڈیزل پر46 روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے'

عدالت نے مدعی کے وکیل کی غیر موجودگی میں ہی کیس کی سماعت دوبارہ شروع کر دی۔ سابق ڈی ایس پی قمر احمد سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت کی درخواستوں پر دلائل جاری ہیں۔

واضح رہے کہ نقیب اللہ کے قتل کے حوالے سے راؤ انوار سمیت تمام ملزمان کے خلاف دو مقدمے دائر کیے گئے ہیں۔ اغوا اور قتل کے مرکزی مقدمے میں ملزمان کی ضمانت ہو چکی ہے۔ اسلحہ برآمدگی سے متعلق دوسرے مقدمے میں ضمانت کی درخواستوں کی سماعت جاری ہے۔ اس مقدمے میں ضمانت کے بعد ملزمان آزاد ہوں گے۔

خیال رہے13  جنوری 2018 کو کراچی کے ضلع ملیر میں اس وقت کے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی جانب سے ایک مبینہ پولیس مقابلے میں 4 دہشتگردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ ہلاک کئے گئے لوگ دہشتگرد نہیں بلکہ مختلف علاقوں سے اٹھائے گئے بے گناہ شہری تھے جنہیں ماورائے عدالت قتل کر دیا گیا۔ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ایک نوجوان کی شناخت نقیب اللہ کے نام سے ہوئی تھی۔

 

یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کا ہنزہ ویلی میں شہریوں کے ساتھ روایتی رقص

احتجاج کے بعد سپریم کورٹ نے واقعے کا از خود نوٹس لیا تھا۔ از خود نوٹس کے بعد راؤ انوار روپوش ہو گئے تھے اور اسلام آباد ایئر پورٹ سے دبئی فرار ہونے کی بھی کوشش کی لیکن اسے ناکام بنا دیا گیا۔ کچھ عرصے بعد وہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے جہاں سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں