پاکستان ریلویز نے پانچ برسوں کے دوران کارکردگی اور آمدن کے نئے ریکارڈ قائم کیے

12:49 PM, 17 Jul, 2018

اسلام آباد:پاکستان ریلویز نے پانچ برسوں کے دوران کارکردگی اور آمدن کے نئے ریکارڈ قائم کیے 2012-13سے 2017-18کے دوران آمدن میں ساڑھے تیس ارب روپے کا ریکارڈاضافہ ہوا ، پاکستان ریلوے جاری مالی سال آمدن میں مزید اضافے اور کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے پرعزم ہے ۔

یہ بات سیکرٹری /چیئرمین ریلویز محمدجاوید انور نے پی ایس ڈی پی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد آفتاب اکبر ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک عبدالحمید رازی ، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینیکل اعجاز احمدبروڑو، ڈی جی پلاننگ مظہر علی شاہ ، ڈی آئی جی ریلو ے پولیس شارق خان اور دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔ پی ایس ڈی پی میٹنگ میں800کوچز ،100لوکوموٹیوز کی مرمت اور نئے لوکوموٹیوز کی خریداری کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئے ۔اجلاس میں بتایاگیا کہ خانپور لودھراں سیکشن کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جہاں 90کلومیٹر ٹریک پر کام مکمل ہوچکاہے جبکہ سبی روہڑی کے درمیان سیلاب سے تباہ ہونے والے 48کلومیٹرٹریک میں سے 28کلومیٹر ٹریک کا کام مکمل ہوچکاہے اور 118پلوں میں سے 90تعمیر کئے جاچکے ہیں۔

چیف کمرشل منیجر ڈرائی پورٹس ڈاکٹر حسن طاہر بخاری نے اجلاس میں بتایا کہ ڈرائی پورٹس کی تعمیر و مرمت کا کام 52فیصد مکمل ہوچکا ہے اور باقی 48فیصد اگلے چھ ماہ میں مکمل کر لیاجائے گا۔ چیئرمین ریلویز نے ہدایت کی ریلو ے کے تجویز کردہ تمام اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے مقررہ مدت میں لگائے جائیں تاکہ ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔چیف انجینئر اوپن لائن بشارت وحید کی رپورٹ پر چئیرمین پاکستان ریلویز محمد جاوید انورنے ریلوے کی تینوں کنکریٹ سلیپر فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن کی منظوری دی۔

انہوں نے کہا کہ فیکٹریوں کی اپ گریڈیشن کے لئے منصوبہ تیار کیا جائے اور اسے پلاننگ کمیشن سے منظور کرواتے ہوئے جلد از جلد اس پر کام شروع کیا جائے۔ پراجیکٹ ڈاریکٹر سگنلنگ محمد عطا اللہ نے اجلاس میں رپورٹ پیش کی کہ لودھراں شاہدرہ سیکشن پر جدید سگنل سسٹم کی تنصیب کا کام پچاس فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اس کام کو ایک برس کی مدت میں مکمل کر لیاجائے گا۔ اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ لاہور میں سٹاف اپارٹمنٹس کی تعمیر کا کام مکمل ہو چکا ہے جبکہ کراچی او ر نارووال میں یہ کام اس برس دسمبر تک مکمل کر لیاجائے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمدآفتاب اکبر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریلوے نہ صرف عوام کو سستی اور معیاری سفری سہولتیں فراہم کرتا ہے بلکہ اپنے فریٹ سیکٹر کے ذریعے ملکی معیشت میں بھی اہم کردارادا کرتاہے، ریلوے کی اپنی سٹریٹیجک اہمیت ہے جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ا نہوں نے کہا کہ ریلوے کابطور ادارہ مضبوط ہوناملک و قوم کے مفاد میں ہے۔

مزیدخبریں